گوگل میپس نے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے زبردست فیچر متعارف کروادیا

Published On 23 October,2023 11:32 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل میپس میں ایک ایسا فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جو کافی عرصے سے آئی فون ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے۔

عموماً گوگل کی جانب سے میپس کے نئے فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پہلے متعارف کرائے جاتے ہیں، مگر ایک فیچر ایسا ہے جو آئی فون صارفین برسوں سے استعمال کر رہے تھے اور اب جاکر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے اسے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

رئیل ٹائم ویدر انفارمیشن نامی فیچر سے کسی لوکیشن کو سرچ کرتے ہوئے اس کے موسم کے بارے میں معلوم ہوتا ہے، یہ فیچر اس وقت کارآمد ثابت ہوتا ہے جب آپ کسی جگہ جانے سے قبل وہاں کے موسم کے بارے میں بھی جاننے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

اس فیچر کے تحت کسی لوکیشن کو میپس پر سرچ کیا جائے گا تو اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں بائیں جانب اوپر اس جگہ کا درجہ حرارت بھی نظر آئے گا، درجہ حرارت کے آئیکون پر کلک کرکے مختلف اوقات کے درجہ حرارت کو دیکھنا ممکن ہوگا۔