پرانے اینڈرائیڈ فونز پر آج سے واٹس ایپ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی

Published On 24 October,2023 08:32 am

لاہور: (ویب ڈیسک) 9 سے 10 سال پرانے اینڈرائیڈ فونز پر آج (24 اکتوبر) سے واٹس ایپ کے استعمال کی سہولت ختم کر دی جائے گی۔

آج کے بعد اینڈرائیڈ 5.0 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ ورژنز پر کام کرنے والے فونز پر ہی واٹس ایپ کا استعمال ممکن ہوگا۔

واٹس ایپ کے ایف اے کیو پیج کے مطابق اینڈرائیڈ 5.0 سے قبل کے تمام آپریٹنگ سسٹمز کیلئے واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔

واٹس ایپ نے بتایا کہ جب کسی آپریٹنگ سسٹم کیلئے سپورٹ ختم کی جاتی ہے تو صارفین کو وقت سے پہلے آگاہ کیا جاتا ہے اور اپ گریڈ کا مشورہ دیا جاتا ہے، اب بھی ایک فیصد کے قریب اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز ان پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرتے ہیں۔

آج سے پرانے فونز پر واٹس ایپ کو اوپن کرنے پر میسجز نظر نہیں آئیں گے بلکہ more info کا بٹن ہوگا جس میں بتایا جائے گا کہ اپنی ڈیوائس تبدیل کر لیں۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کیا جاتا ہے، جس کیلئے ایسے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جو ایپل اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹمز سے مطابقت رکھتے ہوں۔