ایلون مسک کا غزہ میں انٹرنیٹ سروس دینے کا اعلان

Published On 29 October,2023 08:40 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے غزہ میں انٹرنیٹ سروس دینے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب اسرائیل کی بمباری کے سبب مواصلات کے تمام ذرائع بند ہیں۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ اسٹارلنک کمپنی غزہ میں بین الاقوامی امدادی اداروں کو انٹرنیٹ کی سپورٹ کرے گا، کمپنی اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی امدادی اداروں کو سپورٹ کرے گی۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے فضائی اور زمینی حملوں کو وسیع کرنے کے بعد شہریوں کا اپنے پیاروں، ایمبولینسز یا ساتھیوں کو فون کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔

اسٹار لنک کیا ہے؟
ایلون مسک کا اسٹار لنک منصوبہ سیٹلائٹس کے ایک وسیع نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ سروس مہیا کرتا ہے، اس کا مقصد ان افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سروس مہیا کرنا ہے جو زمین کے دور دراز یا دیہی علاقوں میں رہتے ہیں جنہیں تیز انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔