لاہور: (دنیا نیوز) معروف مزاح نگار فاروق قیصر المعروف ’انکل سرگم‘ کو گوگل نے 78ویں سالگرہ کے موقع پر ’ڈوڈل‘ کے ذریعے خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
گوگل نے پاکستان کے نامور ٹیلی ویژن فنکار، کالم نگار، ٹی وی ڈائریکٹر اور سکرپٹ رائٹر فاروق قیصر المعروف ’انکل سرگم‘ کی سالگرہ کے موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ڈوڈل جاری کیا ہے جس میں پرانے دور کے ایک ٹی وی میں ان کے مشہور پتلی تماشا کردار ’انکل سرگم‘ کی تصویر دکھائی گئی ہے۔
فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945ء کو لاہور میں پیدا ہوئے جہاں انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس سے گریجویشن تک تعلیم حاصل کی، انہوں نے 1976ء میں رومانیہ سے گرافک آرٹس میں ماسٹرز اور یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا، امریکہ سے 1999ء میں ماس کمیونیکیشن میں ایک اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کی۔
فاروق قیصر نے اپنے تخلیق کردہ کٹھ پتلی کردار انکل سرگم کو اپنی آواز بھی دی اور اسی کردار سے شہرت دوام حاصل کی، ان کا یہ کردار پاکستان میں بے حد مقبول ہوا، چچا سرگم کو پہلی بار 1976ء میں بچوں کیلئے ٹیلی ویژن شو ’’کلیاں‘‘ میں متعارف کروایا گیا جسے خوب پذیرائی ملی۔
کلیاں کے ساتھ ساتھ، پتلی تماشا اور سرگم ٹائم فاروق قیصر کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے ٹی وی شوز تھے، انہوں نے کئی مزاحیہ کتابیں بھی لکھیں جن میں ہور پوچھو، کلام گلوچ، میٹھے کریلے اور میرے پیارے اللہ میاں شامل ہیں۔
انہیں 1993ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، 2021ء میں انہیں 4 دہائیوں سے زیادہ عرصے تک پاکستان کی تفریحی صنعت میں ان کی بے مثال کارکردگی اور شراکت کیلئے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
2010ء میں فاروق قیصر کو پاکستان ٹیلی ویژن کی طرف سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، فاروق قیصر کا انتقال 14 مئی 2021ء کو ہوا اور انہیں اسلام آباد میں سپرد خاک کیا گیا۔