واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں نے قدرت کا دلکش نظارہ اس وقت کیا جب انہوں نے آسمان سے ستاروں کی بارش (Geminind meteor shower) برستی دیکھی۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق چند روز قبل انسانی آنکھ نے قدرت کا دلکش اور نا قابل نظارہ دیکھا، یہ نظارہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پاکستان سمیت دنیا بھر میں ستارہ بینی کے شوقین افراد نے اپنی آنکھ سے کیا، اگرچہ یہ نظارہ پوری دنیا میں دیکھا گیا لیکن بہترین بارشیں شمالی نصف کرہ کے ممالک آسٹریا، بیلجیئم، بلغاریہ، کینیڈا وغیرہ میں ہوا جبکہ جنوبی نصف کرہ میں سب سے کم لوگوں نے اس کا مشاہدہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق ہر سال ماہ دسمبر میں یہ منفرد نظارہ کیا جاتا ہے جس کا آغاز 4 دسمبر سے ہوتا ہے اور 13، 14 دسمبر کی شب یہ اپنے عروج پر پہنچتا ہے جبکہ 24 دسمبر تک وقفے وقفے سے نظر آتا رہتا ہے۔
یہ نظارہ دوربین کے بغیر انسانی آنکھوں سے براہ راست کیا جا سکتا ہے جس میں ہر گھنٹے میں زمین کے قریب 100 سے زیادہ شہابیوں کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس سال نئے چاند کے باعث آسمان زیادہ تاریک ہونے کی وجہ سے یہ نظارہ اور بھی زیادہ روشن اور صاف طریقے سے دیکھا گیا۔
یہ لاتعداد ذرات اپنی زبردست رفتار اور زمینی رگڑ سے بھڑک اٹھتے ہیں جس سے تاریک رات میں روشنی کی ایک لکیر دکھائی دیتی ہے جس کو شہابی بارش کہا جاتا ہے۔
ناسا کے مطابق ہمارے نظامِ شمسی میں ایک طویل بیضوی مدار میں فیتھون 3200 نامی سیارچہ (اسٹرائیڈ) چکر کاٹ رہا ہے، ہر سال دسمبر میں یہ زمینی مدار کو کاٹتے ہوئے گزرتا ہے، زمین کے قریب سے گزرتے ہوئے فیتھون 3200 کے کئی چھوٹے بڑے ذرات زمینی ثقلی قوت سے ہماری فضا میں داخل ہوجاتے ہیں۔