مینلوپارک: (ویب ڈیسک) مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے سب سے مقبول اوپن اے آئی یعنی چیٹ جی پی ٹی اور مائیکرو سافٹ کے اے آئی پلیٹ فارم پر معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کاپی رائٹس کا مقدمہ دائر کر دیا۔
چیٹ جی پی ٹی مقبول ترین اے آئی پلیٹ فارم ہے، جس کے چیٹ بوٹ تقریباً ہر سوال کا جواب سیکنڈز میں دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی کے بعد مائیکرو سافٹ سمیت دیگر کمپنیوں نے بھی اپنے اے آئی پلیٹ فارمز متعارف کرائے تھے، جن پر پہلے ہی مواد کو کاپی کرنے کے الزامات لگائے جا رہے تھے۔
لیکن اب پہلی بار نیویارک ٹائمز نے دونوں پلیٹ فارمز پر اپنے لاکھوں آرٹیکلز اور خبروں کا مواد چوری کر کے چیٹ بوٹس کو مواد تیار کرنے کی تربیت دینے سمیت مذکورہ مواد کو دیگر ذرائع کیلئے استعمال کرنے پر کاپی رائٹس کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اخبار نے منہٹن کی فیڈرل کورٹ میں اوپن اے آئی اور مائیکرو سافٹ کے خلاف کاپی رائٹس کا مقدمہ دائر کیا۔
اخبار کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں دونوں پلیٹ فارمز پر ہرجانے کا کوئی مخصوص دعویٰ نہیں کیا گیا، تاہم درخواست میں کہا گیا ہے کہ اداروں کو کاپی رائٹس کی خلاف ورزی پر اربوں ڈالرز کا جرمانہ کیا جانا چاہیے۔
مقدمے کے مطابق دونوں پلیٹ فارمز نے اخبار کے ایکسکلوژو مواد کو کاپی کر کے اپنے چیٹ بوٹس کو تربیت دی اور بعد ازاں اسی مواد کو حوالوں کے طور پر استعمال کیا۔
اخبار نے مقدمے میں یہ درخواست بھی کی ہے کہ دونوں پلیٹ فارمز کو نیویارک ٹائمز کے کاپی شدہ مواد کو ڈیلیٹ کرنے اور اسے مزید استعمال کرنے سے بھی روکا جائے۔