واٹس ایپ کے اپنے ویب ورژن کیلئے متعدد نئے فیچر متعارف

Published On 29 December,2023 11:48 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے ویب ورژن کیلئے متعدد نئے فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے۔

ان فیچرز میں نیا سائیڈ بار، دوبارہ سے ڈیزائن کردہ ڈارک موڈ اور اپنی پروفائل کیلئے یوزر نیم بنائے جانے کا آپشن شامل ہے۔

ماہ اکتوبر میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ میٹا کی ذیلی ایپ یوزر نیم فیچر پر کام کر رہی ہے جس کے بعد رابطے کیلئے ایک صارف کو دوسرے صارف کے فون نمبر کی ضرورت نہیں رہے گی، تاہم اس وقت آزمائشی مراحل میں موجود یہ فیچر ایپ کے چند موبائل صارفین کیلئے جاری کیا گیا تھا۔

لیکن اب واٹس ایپ بِیٹا انفو کی جانب سے پیش کی جانے والی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی اس فیچر کا دائرہ کار ویب ورژن تک وسیع کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔

فی الحال واٹس ایپ ویب میں کمیونیٹیز، اسٹیٹس، چینلز اور نیو چیٹ کے بٹن ونڈو میں اوپر کی جانب بائیں طرف موجود ہیں لیکن نیا سائیڈ بار ان تمام کو براؤزر ونڈو کے بائیں جانب منتقل کر دے گا تاکہ صارفین متعدد ٹیبز کے درمیان بآسانی سوئچ کر سکیں۔

سائیڈ بار کے علاوہ کمپنی ویب ورژن صارفین کیلئے اپنا یوزر نیم تبدیل کرنے کے فیچر پر بھی کام کر رہی ہے۔