کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی کا نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلیو اسکائی اب ایکس کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔
بلیو سکائی کے چیف ایگزیکٹو Jay Graber نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کی پوسٹس دیکھنے کے لیے اکاؤنٹ بنانے یا لاگ ان ہونے کی ضرورت نہیں، درحقیقت اب ہر فرد بلیو سکائی ایپ یا ویب ورژن پر لوگوں کی پوسٹس کو دیکھ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلیو اسکائی کا لوگو (logo) بھی تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب ایک تتلی کو استعمال کیا جا رہا ہے، اس سے پہلے بادلوں والے نیلے آسمان کو لوگو کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
فی الحال تو بلیو اسکائی کا صارف بننے کا انحصار انوائیٹ پر ہے مگر پھر بھی اس کی ایپ کو لاکھوں بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔
جیک ڈورسی اس نئے پلیٹ فارم پر کافی عرصے سے کام کر رہے تھے اور ایکس کے برعکس اس نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں صارفین کا ڈیٹا خود مختار سرورز میں محفوظ کیا جاتا ہے، یعنی اس تک رسائی ممکن نہیں۔
جیک ڈوسی ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ انہیں ٹوئٹر کو کمرشلائز کرنے پر پچھتاوا ہے اور انہیں موقع ملا تو وہ ایک اوپن سورس پراجیکٹ پر کام کرنا پسند کریں گے۔
بلیو اسکائی پراجیکٹ پر 2019 میں کام شروع ہوا تھا اور آغاز میں ٹوئٹر نے ہی اس پلیٹ فارم کے لیے سرمایہ فراہم کیا تھا، بعد ازاں 2022 میں اسے ایک خودمختار کمپنی کے حوالے کر دیا گیا۔