امریکا :(ویب ڈیسک ) امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹیسلا روبوٹ نے گاڑی کے انجینئر پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹیسلا فیکٹری میں صورتحال پر قابو پانے کے لیے ملازمین کو ہنگامی شٹ ڈاؤن بٹن دبانا پڑا۔
عینی شاہدین ملازمین کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑیوں کے تازہ تیار کردہ حصے اٹھانے پر مامور ٹیسلا روبوٹ نے انجینئر پر حملہ کردیا ، جو کہ دو ناکارہ روبوٹس کو ٹھیک کرنے کے لیے سوفٹ ویئر پروگرامنگ میں مصروف تھا۔
حملہ آور روبوٹ نے انجینئر کو زمین پر گرادیا اور دھات سے بنے اپنے نوکیلے پنجے انجینئر کی کمر اور بازو میں گھونپ دیے جس سے ملازم شدید زخمی ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی، اس حوالے سے ٹیسلا کمپنی نے بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
واقعے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے عملےکے دیگر ملازمین نے ہنگامی بٹن دیا جس سے حملہ آور روبوٹ قابو میں آیا ، اس حوالے سے برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ انجنیئر پر روبوٹ کے حملے کا یہ واقعہ 2021 میں پیش آیا تھا مگر رپورٹ اب کیا گیا ہے۔