کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا نے دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک پر ٹک ٹاک سے ملتا جلتا فیچر ’’ویڈیو پلیئر‘‘ متعارف کروا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک میں نئے ویڈیو پلیئر کو متعارف کرایا گیا ہے جس میں ہر طرح کے فارمیٹس اور دورانیے کی ویڈیوز کو ایک کر دیا گیا یعنی طویل ویڈیوز، لائیو ویڈیوز اور ریلز (مختصر ویڈیوز) اب سے ایک ہی ویڈیو پلیئر میں دیکھی جاسکیں گی۔
اس اپ ڈیٹ ویڈیو پلیئر میں لینڈ اسکیپ ویڈیوز بھی ٹک ٹاک جیسے فل سکرین موڈ پر اوپن ہوں گی جبکہ طویل ویڈیوز میں سلائیڈر بھی شامل ہوگا۔
ٹک ٹاک میں بھی فاریو پیج پر سکرول کرنے کے دوران لائیو، طویل اور مختصر ویڈیوز کو اسی طرح کے ویڈیو پلیئر پر دکھایا جاتا ہے۔
میٹا کی جانب سے یہ نیا فیچر سب سے پہلے امریکہ اور کینیڈا میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کیلئے متعارف کرایا جا رہا ہے اور آنے والے مہینوں میں اسے دنیا بھر کے صارفین کیلئے متعارف کرایا جائے گا۔