بوئنگ سٹار لائنر سے خلائی سٹیشن پر جانے والے خلابازوں کی واپسی مزید طویل

Published On 08 August,2024 03:00 pm

نیویارک :(ویب ڈیسک ) بوئنگ کے سٹار لائنر سے خلائی سٹیشن پر پہنچنے والے 2 خلا باز اس سال واپس نہیں آ سکیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خلائی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ جون میں بوئنگ کے سٹار لائنر سے خلائی سٹیشن پر پہنچنے والے 2 خلا باز فروری 2025ء میں واپس آسکتے ہیں، سٹار لائنر واپسی کے لیے غیر محفوظ قرار پایا تو خلا باز سپیس ایکس کے کریو ڈریگن سے واپس آئیں گے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بُچ ولمور اور سنیتا ولیمز امریکی کمپنی بوئنگ کے سٹار لائنر کیپسول کے ٹیسٹ مشن پر گیا پہلا عملہ ہے، امریکی خلائی ایجنسی سپیس ایکس کے ساتھ ممکنہ منصوبوں پر بات چیت کر رہی ہے،دونوں خلا باز سپیس کرافٹ میں خرابی کی وجہ سے خلائی اسٹیشن میں کئی ہفتوں سے پھنسے ہیں، خلا بازوں کا 8 روزہ ٹیسٹ مشن سٹار لائنر کے سسٹم میں خرابی کی وجہ سے طویل ہوگیا ہے۔

دوسری جانب سٹار لائنر میں خرابی نے خلا بازوں کو زمین پر واپس لانے کی صلاحیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔