ویڈیو کال سروس سکائپ 22 سال خدمات فراہم کرنے کے بعد بند

Published On 05 May,2025 09:50 am

سلیکان ویلی : (ویب ڈیسک) مائیکرو سافٹ کمپنی کی مشہور زمانہ ویڈیو کال سروس سکائپ 22 سال خدمات فراہم کرنے کے بعد بند کر دی گئی۔

سکائپ کو بند کرنے کا فیصلہ مائیکروسافٹ کی طرف سے بنائے گئے دوسرے ویڈیو پلیٹ فارم مائیکرو سافٹ ٹیم کی مقبولیت کے بعد کیا گیا، ’’ٹیم‘‘ میں ان خصوصیات کو جاری رکھنے کا وعدہ کیا گیا ہے جو سکائپ میں تھیں۔

مائیکرو سافٹ ٹیم کے ذریعے انفرادی اور گروپ ویڈیو کالز، مسیجنگ اور فائل شیئرنگ جیسی خدمات سے مفت فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، گزشتہ 2 سال میں ’’ٹیم‘‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں 4 گنا اضافہ ہوا ہے۔

سکائپ کے صارفین 2008ء میں 400 ملین تک پہنچ گئے تھے تاہم دوسری ایپس آنے کے باعث اس کے استعمال میں کمی آتی رہی اور کرونا کے دنوں میں دوسرے ویڈیو کانفرنس پلیٹ فارمز کے صارفین کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا لیکن اسکائپ کے صارفین کی تعداد نہ بڑھ سکی تھی۔