کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اگر آپ کو فیس بک استعمال کرتے ہوئے احساس ہوتا ہے کہ اس میں بہت زیادہ سپام پوسٹس نظر آتی ہیں تو یہ محض آپ کا احساس نہیں، درحقیقت کمپنی نے خود اعتراف کیا ہے کہ فیس بک فیڈ میں بہت زیادہ سپام پوسٹس موجود ہوتی ہیں۔
گزشتہ دنوں میٹا کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس کی جانب سے ایسا کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، فیس بک فیڈ ہمیشہ ایسی پوسٹس موجود نہیں ہوتیں جن سے آپ مسلسل لطف اندوز ہوسکیں اور ہم اس خامی کو درست کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
میٹا نے بتایا کہ وہ ایسے صارفین کی پوسٹس کی رسائی محدود کر دے گی جو طویل اور دھیان بھٹکا نے والے کیپشنز کو استعمال کرتے ہیں یا ان کی پوسٹس کے کیپشن کا شیئر کیے گئے مواد سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسے صارفین کے اکاؤنٹس کو فیس بک سے آمدنی کے لیے بھی اہل نہیں سمجھا جائے گا، اس کی جانب سے اسپام نیٹ ورکس کے خلاف زیادہ جارحانہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ایسے اکاؤنٹس کی جانب سے کیے جانے والے کمنٹس لوگوں کو زیادہ نظر نہیں آئیں گے جبکہ اس طرح کی پوسٹس سے زیادہ افراد تک رسائی حاصل کرنے والے فیس بک پیجز کو ختم کیا جائے گا، کمپنی کی جانب سے ایک فیچر کی آزمائش بھی کی جا رہی ہے جس کے ذریعے صارفین گمنام رہ کر کمنٹس پر ڈاؤن ووٹ کو استعمال کرسکیں گے۔
میٹا کی جانب سے یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا ہے جب کمپنی فیس بک کو نوجوانوں کے لیے زیادہ پرکشش بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔