بھارتی جارحیت کے بعد سائبر حملوں کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری

Published On 07 May,2025 01:18 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک )نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے بھارتی جارحیت کے بعد ملک میں سائبر حملوں کے پیش نظر اہم ایڈوائزری جاری کر دی۔

نیشنل سائبرایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق سائبر حملوں کا مقصد پاکستان کے اہم نیٹ ورکس کو متاثرکرنا ہے، دشمن عناصر موجودہ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سائبر حملوں میں غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ یہ عناصر فریب پر مبنی پیغامات، فشنگ سکیمز اور جھوٹی کہانیوں سے عوام کوگمراہ کر رہے ہیں۔


جاری کردہ ایڈوائزری میں سوشل میڈیا پر پاکستان پر سائبر حملوں سے متعلق غیر مصدقہ معلومات یا افواہیں ہرگز شیئر نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ساتھ ہی صارفین کو مشتبہ لنکس پر کلک نہ کرنے، غیر مصدقہ پیغامات، ای میلز یا سوشل میڈیا لنکس نہ کھولنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق دشمن عناصر غیریقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں لہٰذا صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں، صرف سرکاری یا ایمرجنسی ذرائع سے اپ ڈیٹس لیں اور واٹس ایپ یا سوشل میڈیا پر آنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔