پاکستان میں ’ایکس‘ کی سروسز جزوی طور پر بحال

Published On 07 May,2025 01:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) کی سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی، صارفین وی پی این کے بغیر ٹویٹر استعمال کرنے لگے۔

یہ اقدام بھارت کی جانب سے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر میزائل حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور سیاسی ماحول میں شدید تناؤ کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ پلیٹ فارم فروری 2024 میں بند کر دیا گیا تھا، یہ پابندی حکومت نے ملک میں سیاسی کشیدگی اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات اور حساس مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایکس پرعائد کی تھی، حکومتی موقف کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی اور جھوٹی اطلاعات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضروری تھا۔

تاہم انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں، طلبہ اور مختلف تنظیموں نے اس پابندی کو آزادیِ اظہار پر قدغن قرار دیا تھا اور اسے غیرمنصفانہ قرار دیا تھا، اس کے خلاف متعدد پٹیشنز عدالتوں میں دائر کی گئیں اور بین الاقوامی اداروں نے بھی انٹرنیٹ کی آزادی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اب ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد 7 مئی 2025 کو ایکس کو دوبارہ پاکستان میں بحال کر دیا گیا ہے اور صارفین کو بغیر وی پی این کے اس پلیٹ فارم تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔

یہ فیصلہ ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے پاکستان میں آزادانہ اظہار رائے کی راہ کھل گئی ہے، خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی اور عالمی سطح پر اطلاعات کا تبادلہ بے حد اہمیت اختیار کر چکا ہے۔