گوگل پلے سٹور پر موجود ایپس سے صارفین کا ڈیٹا چوری

Published On 20 May,2025 12:22 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز) گوگل پلے سٹور پر موجود خطرناک ایپس کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا چوری کیے جانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے ماتحت ادارے این ٹی آئی ایس بی نے سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کردی، خطرناک ایپس صارفین کی نجی معلومات اور موبائل ڈیٹا چرانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، اسپائی ویئر اور اناتسا بینکنگ ٹروجن کے ذریعے حساس معلومات چوری کی جارہی ہیں۔

قومی اداروں، وزارتوں، ڈویژنوں اور عوام کو مشتبہ موبائل ایپس سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شمالی کوریا کے ہیکرز گروپ APT-37 اور APT-43 ان حملوں کے پیچھے ہیں، کو اسپائی ایپ کال لاگز، لوکیشن، آڈیو، ویڈیوز اور اسکرین شاٹس تک رسائی حاصل کرتی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق اناتسا (ٹی باٹ) ٹروجن بینکنگ ایپ صارفین سے پاسورڈز اور مالیاتی تفصیلات چرا لیتا ہے، خطرناک ایپس فائل منیجرز اور سیکیورٹی ٹولز کے روپ میں موجود تھیں، گوگل نے مارچ میں درجنوں خطرناک ایپس پلے اسٹور سے ہٹا دی تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ مشتبہ ایپس 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد بار ڈاؤن لوڈ ہو چکی ہیں، تمام صارفین فوری طور پر ایسی ایپس اپنے موبائل فونز سے ڈیلیٹ کر دیں، عوام صرف قابلِ اعتماد ڈویلپرز کی ایپس انسٹال کریں، شہری ایپس انسٹال کرنے سے پہلے ان کی اجازتیں اور تفصیلات چیک کریں۔

گوگل پلے پروٹیکٹ کو فعال رکھیں تاکہ نقصان دہ ایپس کی فوری شناخت ممکن ہو، سائبر حملے نجی معلومات چرانے اور مالی نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں، تمام وزارتوں، اداروں اور صارفین کو ایڈوائزری پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔