پی ٹی اے کا کریک ڈاؤن، ایک لاکھ 63 ہزار غیر قانونی سمز بلاک

Published On 20 June,2025 01:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی اے نے غیرقانونی اور جعلی سمز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 1 لاکھ 63 ہزار 200 غیر قانونی سمز بلاک کر دیں، 64 لاکھ 30 ہزار غیر فعال سمز مستقل طور پر بند اور فوت شدگان کے شناختی کارڈ پر چلنے والی 29 لاکھ 89 ہزار 925 سمز بھی بند کر دی گئیں۔

پی ٹی اے کی دستاویز کے مطابق نئے اضلاع میں غیر متعلقہ خواتین کے نام پر رجسٹرڈ 1 لاکھ 71 آپ سمز بند کردی گئیں، منسوخ ہونے والے شناختی کارڈز پر 69 ہزار 246 سمز بلاک جبکہ 3 لاکھ 60 ہزار زائد المیعاد شناختی کارڈز پر 7 لاکھ 83 ہزار سمز بلاک کردی گئیں۔

پی ٹی اے نے جعلی سمز کے خلاف سخت نگرانی اور کارروائی تیز کر دی، پی ٹی اے ملک بھر میں 62 چھاپے، قانونی سم فروخت میں ملوث 72 افراد گرفتار کیے گئے، پی ٹی اے چھاپوں میں 193 غیر قانونی بائیومیٹرک ڈیوائسز اور 11 ہزار 470 سمز برآمد کی گئیں۔

دستاویز کے مطابق جعلی بائیومیٹرک ڈیٹا کے 2 لاکھ 96 ہزار سے زائد ڈیجیٹل فنگر پرنٹس ضبط کیے گئے، پی ٹی اے نے نیا ملٹی فنگر بائیومیٹرک ویریفکیشن سسٹم متعارف کرا دیا ہے،خ ملک بھر میں 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد لائیو فنگر ڈیوائسز نصب کردی گئیں۔

حکام کے مطابق غیر مجاز ریٹیلرز پر پابندی، صرف مستند سروس سینٹرز کو سم فروخت کی اجازت ہے، دھوکہ دہی سے بچنے کیلئے نئی سم فروخت میں وقفے کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔