واٹس ایپ پر بھی مونیٹائزیشن فیچر پیش کئے جانے کا امکان

Published On 25 June,2025 08:34 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ صارفین بھی جلد ہی یوٹیوب اور فیس بک کی طرح واٹس ایپ چینلز سے پیسے کمانے لگیں گے، ایپلی کیشن انتظامیہ کی جانب سے مونیٹائزیشن پروگرام شروع کئے جانے کا امکان ہے۔

امریکی جریدے ’بلوم برگ‘ کے مطابق واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے گزشتہ ہفتے ایپلی کیشن کی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اس میں اشتہارات دکھانے کا اعلان کیا تھا، اب اس میں مونیٹائزیشن فیچر بھی پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

اشتہارات کو سٹوری یا سٹیٹس کے سیکشن میں سٹیٹس کے درمیان ہی دکھایا جائے گا،اسی سیکشن میں ہی چینلز کو مونیٹائز کرنے کا آپشن دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر واٹس ایپ بزنس یا واٹس ایپ کے بڑے چینلز کو مونیٹائزیشن کا حصہ بنایا جائے گا، جس کے بعد ترتیب وار دوسرے اکاؤنٹس کو بھی اس تک رسائی دی جائے گی، ممکنہ طور پر مستقبل میں واٹس ایپ کی جانب سے چینل کی مونیٹائزیشن کیلئے فالورز کی تعداد کی شرط رکھی جائے گی اور فوری طور پر ذاتی اکاؤنٹ کو مونیٹائز نہیں کیا جائے گا۔

اگرچہ ذاتی اکاؤنٹس کو مونیٹائزیشن کا حصہ نہ بنائے جانے کا امکان ہے، تاہم ذاتی اکاؤنٹس میں بھی اشتہارات دکھائے جائیں گے، کیونکہ جس صارف نے چینلز کو فالو کیا ہوگا، اسے اشتہارات نظر آنے لگیں گے۔

ابتدائی طور پر واٹس ایپ کی جانب سے چند ممالک میں مونیٹائزیشن شروع کئے جانے کا امکان ہے، جسے ترتیب وار دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔