برطانیہ میں دنیا کی تیز ترین ای سکوٹر کی رونمائی

Published On 22 July,2025 10:00 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں دنیا کی تیز ترین ای سکوٹر کی رونمائی کی گئی ہے، جو برطانوی کمپنی ’’بَو‘‘ نے تیار کیا ہے۔

دی ٹربو نامی یہ ای سکوٹر 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس الیکٹرک سکوٹر میں جدید پاور ٹرین نصب ہے جس میں 24 ہزار واٹ کا دوہرا موٹر پروپلژن سسٹم لگایا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ای سکوٹر ٹربو سے مقامی سطح پر لوگوں کی نقل و حرکت میں نمایاں تبدیلی آئے گی، سکوٹر میں فارمولا وَن سے متاثر ہو کر کئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں، سکوٹر بنانے والی کمپنی کے بانی کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ایک ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ’’بلڈ ہاؤنڈ لینڈ سپیڈ ریکارڈ‘‘ کار کے انجینئر رہے ہیں۔

ایک طرف اگر ای سکوٹر کی خصوصیات زیر بحث ہیں تو دوسری طرف اسے برطانیہ کی سڑکوں پر ایک ’’خطرہ‘‘ بھی قرار دے دیا گیا ہے اور ان پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کمپنی کے سی ای او آسکر مورگن نے کہا کہ جیسے جیسے دی ٹربو کو ہم نے ترقی دی، ہم نے محسوس کیا کہ ہم ایک عفریت تیار کر رہے ہیں، تاہم، کمپنی نے اس کی قیمت اتنی زیادہ رکھی ہے کہ کچھ لوگوں کو اطمینان ہوا کہ اسے زیادہ لوگ خرید نہیں پائیں گے، اس کی بنیادی قیمت 29,500 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی کا عزم ہے کہ اسے دنیا کی تیز ترین الیکٹرک سکوٹر کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کیا جا سکے۔