کیلی فورنیا:(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف شخصیت اور ایکس اے آئی، اسپیس ایکس، ٹیسلا اور ایکس (ٹوئٹر) کے بانی ایلون مسک نے بچوں کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جسے ’بے بی گروک‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ایلون مسک کے مطابق یہ اے آئی چیٹ بوٹ خاص طور پر بچوں کے لیے محفوظ اور تعلیمی رابطے فراہم کرنے پر توجہ دے گا، انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا کہ یہ ایپ گروک کا ایک سادہ ورژن ہوگی جس کا مقصد کم عمر صارفین کو ایک محفوظ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
تاہم ایلون مسک نے فی الحال ’بے بی گروک‘ کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ یہ اصل گروک چیٹ بوٹ سے کس طرح مختلف ہوگا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے 2023 میں گروک چیٹ بوٹ متعارف کرایا تھا، جسے اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی، گوگل جیمنائی اور دیگر اے آئی ماڈلز کے مقابلے میں لایا گیا تھا، بعد ازاں گروک کو ایکس پلیٹ فارم کا حصہ بنا دیا گیا اور ایلون مسک نے اس ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری بھی کی۔
جولائی 2025 کے آغاز میں گروک 4 ماڈل متعارف کرایا گیا، جس کے بارے میں ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ یہ دیگر اے آئی ماڈلز کے مقابلے میں ہر موضوع پر کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔