میٹا نے تھریڈز کیلئے نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی

Published On 18 July,2025 08:49 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنی مائیکروبلاگنگ ایپ تھریڈز کیلئے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی، جس کے تحت صارفین اب انسٹاگرام کے بجائے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے بھی سائن اپ کر سکیں گے۔

یہ نیا آپشن فی الحال محدود صارفین کیلئے دستیاب ہے، لیکن سوشل میڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی سپورٹ ویب سائٹ پر اس کا تذکرہ موجود ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فیس بک اکاؤنٹ سے تھریڈز پر سائن اپ کرنے سے ایسے فیچرز کھلتے ہیں جو تھریڈز اور فیس بک پر یکساں طور پر کام کرتے ہیں، جیسے دونوں ایپس تک ایک ہی لاگ ان سے رسائی حاصل کرنا۔

اسی طرح اگر کوئی فیس بک کے ذریعے تھریڈز پروفائل بناتا ہے تو اس کی معلومات دونوں پلیٹ فارمز پر یکجا ہوجائے گی۔

ابتداء میں تھریڈز نے انسٹاگرام کے صارفین اور فالوورز کو خودکار طریقے سے شامل کرنے کے ذریعے تیزی سے اپنی صارف تعداد میں اضافہ کیا، تاہم یہ حکمت عملی زیادہ کامیاب ثابت نہ ہوئی، جس کے بعد اب میٹا نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک سے تھریڈز میں سائن اپ کرنے کا آپشن کچھ نئے مواقع فراہم کرتا ہے، خاص طور پر ان صارفین کیلئے جن کے پاس انسٹاگرام اکاؤنٹ نہیں ہے۔

تاہم فیس بک کا موجودہ ماحولیاتی نظام بھی بعض اوقات سپیمی یا غیر معیاری مواد سے بھرا ہوتا ہے، اس لئے ممکن ہے کہ یہاں بھی صارفین کو معیار کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔