واٹس ایپ میں آواز کے ذریعے میٹا اے آئی سے بات کرنے کا فیچر پیش

Published On 04 August,2025 08:59 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب میٹا اے آئی سے براہِ راست گفتگو کر سکیں گے، بالکل کسی فون کال کی طرح۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس فیچر میں ایک اختیاری سیٹنگ بھی دی گئی ہے، جس کے ذریعے صارف چاہے تو میٹا اے آئی کھولتے ہی آواز میں بات شروع ہونے کی سہولت آن کر سکتا ہے، البتہ یہ سیٹنگ پہلے سے بند رکھی گئی ہے تاکہ صارف خود فیصلہ کر سکے کہ آیا اسے یہ سیٹنگ آن کرنی ہے یا نہیں۔

کچھ صارفین کو کالز والے ٹیب سے بھی براہِ راست میٹا اے آئی کو کال کرنے کی سہولت دی گئی ہے، جس کیلئے کسی اضافی اقدام کی ضرورت نہیں ہے، واٹس ایپ کی نئی اپڈیٹ میں کچھ تجویز کردہ سوالات بھی دیئے گئے ہیں تاکہ صارف اس بارے میں رہنمائی حاصل کر سکے کہ اسے بات چیت کس موضوع پر کرنی ہے۔

علاوہ ازیں صارفین اپنی گیلری یا کیمرے سے تصاویر بھی فوراً شیئر کر سکتے ہیں تاکہ سوالات کو بہتر انداز میں سمجھایا جا سکے۔

یہ فیچر پسِ منظر میں بھی کام کرتا ہے، یعنی اگر آپ کوئی اور ایپ استعمال کر رہے ہوں تو بھی میٹا اے آئی آپ کی بات سن کر جواب دے سکتا ہے، جیسے کہ اگر آپ نوٹس پڑھ رہے ہوں یا ویب سائٹ کھول کر کچھ دیکھ رہے ہوں، تو میٹا اے آئی ساتھ ساتھ مدد فراہم کرتا رہے گا۔

تاہم صارف رازداری کو مدِنظر رکھتے ہوئے مائیک بند کر سکتا ہے یا جب چاہے آواز میں بات چیت بند کر سکتا ہے۔

یہ نیا فیچر خاص طور پر اُن افراد کیلئے فائدہ مند ہے جو بیک وقت کئی کام کر رہے ہوں، گاڑی چلا رہے ہوں یا انہیں لکھنے میں دشواری کا سامنا ہو، کیونکہ اب انہیں کچھ ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اس فیچر کی مدد سے بآسانی اپنی بات کہہ سکیں گے۔

فی الحال یہ سہولت صرف چند آئی او ایس صارفین کیلئے دستیاب ہے، جنہیں چیٹ والے ٹیب میں ایک ویوفارم آئیکن پر ٹیپ کر کے میٹا اے آئی سے آواز میں بات کرنے کا موقع مل رہا ہے۔