پاکستانی سیٹلائٹ چین سے کامیاب لانچ کے بعد مقررہ مدار میں داخل

Published On 01 August,2025 11:59 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے چین کے تعاون سے اپنا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا، جو مقررہ مدار میں داخل ہو چکا ہے۔

قومی خلائی ادارے نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے اپنا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا ہے۔

پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ-1 (پی آر ایس ایس-1) کُوائژو-1 اے راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تصدیق کی کہ سیٹلائٹ کامیابی سے اپنے مقررہ مدار میں داخل ہو چکا ہے۔

ترجمان سپارکو نے کہا کہ نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ پاکستان کی خلائی تحقیق میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو زمین کے مشاہداتی صلاحیتوں میں ملک کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرے گا۔

سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، آفات سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ میں انقلاب برپا کرنے کیلئے امیجنگ کی سہولت فراہم کرے گا، یہ موسمیاتی تبدیلی، پانی کے وسائل کے انتظام، زرعی نقشہ سازی اور جنگلات کے کٹاؤ کی نگرانی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ لانچنگ سپارکو، چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن اور مائیکروسیٹ چین کے باہمی تعاون سے عمل میں آئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید زراعت کو فروغ دے گا، انفراسٹرکچر اور شہری پھیلاؤ کی نگرانی کرے گا اور علاقائی منصوبہ بندی کو مؤثر بنائے گا۔

یہ سیٹلائٹ آفات سے نمٹنے کی کوششوں کو بھی بہتر بنائے گا، جیسے کہ سیلاب، زمین کھسکنے اور زلزلوں کے بروقت انتباہات، جب کہ گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی پر بھی نظر رکھے گا۔