بیجنگ:(دنیا نیوز) چین میں بنایا گیا واکر ایس 2 روبوٹ دنیا کا پہلا انڈسٹریل روبوٹ ہے جو اپنی بیٹری خود تبدیل کرسکتا ہے، جس کی وجہ سے یہ روزانہ 24 گھنٹے اور سال کے 365 دن کام کرسکتا ہے۔
چینی روبوٹکس کمپنی یو بی ٹیک روبوٹکس کی جانب سے رواں ماہ کے اوائل میں اس کے افتتاح کے بعد سے واکر ایس 2 بہت زیادہ توجہ حاصل کر رہا ہے۔ اسکی وجہ یہ ہے کہ اس میں یہ منفرد صلاحیت موجود ہے کہ یہ اپنی بیٹری خود تبدیل کر سکتا ہے تاکہ اس میں بجلی ختم نہ ہو۔
روایتی روبوٹس کو یا تو پلگ آن کرکے یا پھر ان کی بیٹریاں تبدیل کرنی پڑتی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ انہیں کچھ وقت کے لیے کام روکنا پڑتا ہے، لیکن واکر S2 ایک ڈوئل بیٹری سسٹم سے لیس ہے جو اسے یہ صلاحیت دیتا ہے کہ وہ خود ہی اپنی بیٹریوں کو باری باری تبدیل کر سکےتاکہ وہ بنیادی طور پر کبھی بھی پاور (بجلی) سے محروم نہ ہو۔
یہ سادہ مگر ذہین اور دو پیڈل والے روبوٹس میں اپنی نوعیت کی پہلی خصوصیت کہی جاتی ہے، حال ہی میں یو بی ٹیک روبوٹکس کمپنی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں واکر ایس 2 کی بیٹری تبدیل کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔