بیجنگ: (دنیا نیوز) چینی دارالحکومت بیجنگ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور متعدد سڑکیں تباہ ہوگئیں۔
چین کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق رواں ہفتے شمالی چین کے مختلف علاقوں، بشمول بیجنگ میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، پیر کی شب تک بیجنگ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 30 افراد ہونے کی تصدیق کی گئی جبکہ 80 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد شہر کے شمال مشرقی مضافاتی ضلع می ین میں ریکارڈ کی گئی، بارشوں کے باعث متعدد سڑکیں تباہ ہوگئیں جبکہ 130 سے زائد دیہات بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسمی خبروں اور وارننگز پر توجہ دیں اور غیر ضروری طور پر خطرناک علاقوں کا رخ نہ کریں۔
چینی صدر شی جن پنگ نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بدترین حالات کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور رہائشیوں کے فوری انخلاء کو یقینی بنائیں۔