کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر فیس بک اور انسٹاگرام کے فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی، جس کے تحت صارفین آسانی سے پروفائل پکچر تبدیل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق میسیجنگ ایپلی کیشن پر پروفائل تصویر کے نئے فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دے دی گئی، نئے فیچر کے تحت صارفین کو آپشن فراہم کیا جائے گا کہ اگر وہ چاہیں تو اپنی نئی پروفائل پکچر فیس بک یا انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی براؤز کر سکتے ہیں۔
فیچر کے تحت صارفین کو اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ پہلے میٹا اکاؤنٹ سینٹر میں شامل کرنا پڑے گا، اکاؤنٹ یکجا ہونے کے بعد صارف آسانی سے فیس بک یا انسٹاگرام پروفائل پکچر کو واٹس ایپ پر بھی لگا سکے گا۔
اس وقت واٹس ایپ کی پروفائل پکچر تبدیل کرنے کے لئے کیمرے کے استعمال سمیت آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے بنی تصویر اور اوتار کا آپشن بھی فراہم کیا جاتا ہے جب کہ صارفین گیلری سے بھی پکچر لے سکتے ہیں۔
تاہم نئے فیچر کے تحت صارفین کو یہ آپشن بھی فراہم کیا جائے گا کہ وہ چاہیں تو واٹس ایپ کی پروفائل پکچر انسٹاگرام یا فیس بک پروفائل سے بھی لنک کر سکتے ہیں۔
مذکورہ فیچر پہلے ہی فیس بک اور انسٹاگرام پر موجود ہے اور صارفین کی جانب سے ایک پلیٹ فارم پر پروفائل پکچر تبدیل کئے جانے سے دوسرے پلیٹ فارم پر بھی تصویر تبدیل ہوجاتی ہے۔
نئے فیچر کا مقصد ان صارفین کو آسانی فراہم کرنا ہے جو بار بار اپنی پروفائل تصاویر تبدیل کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں۔