واٹس ایپ نے صارفین کیلئے دلچسپ فیچر ’ویو ایموجی‘ متعارف کرا دیا

Published On 28 July,2025 11:12 pm

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) سماجی رابطے کے پلیٹ فارم واٹس ایپ نے صارفین کو باہمی رابطے میں آسانی فراہم کرنے کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت کسی سے پہلی بار بات چیت شروع کرتے ہوئے سلام یا تعارف کے لیے ’ویو ایموجی‘ (ہاتھ ہلانے والا ایموجی) بھیجنے کی سہولت دی گئی ہے۔

تکنیکی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق یہ نیا فیچر خاص طور پر اُن صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جو کسی سے پہلی بار رابطہ کررہے ہوں اور سمجھ نہیں پاتے کہ گفتگو کا آغاز کیسے کریں۔

اب جب بھی کوئی صارف کسی ایسے شخص کی چیٹ کھولے گا جس سے پہلے کبھی بات نہیں ہوئی، تو سکرین کے نیچے ایک تجویز نمودار ہوگی، جو صارف کو ہاتھ ہلانے والا ایموجی بھیجنے کی ترغیب دے گی۔

یہی ویو ایموجی فیچر واٹس ایپ کی وائس چیٹ میں بھی استعمال ہوتا ہے، جہاں ’ویو آل‘ کے ذریعے تمام گروپ ممبران کو گفتگو میں شمولیت کی دعوت دی جاسکتی ہے۔