ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشن ’زوم‘ پر تقریباً 10 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد

Published On 30 July,2025 08:56 am

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی عدالت نے مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشن ’زوم‘ پر تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مذکورہ جرمانہ ’زوم‘ کی جانب سے روسی انٹرنیٹ قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا، جن کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کو مخصوص قانونی تقاضے پورے کرنے ہوتے ہیں۔

ماسکو کی عدالت کی پریس سروس کے مطابق امریکی کمپنی کے خلاف فیصلہ جاری کر دیا گیا، تاہم ’زوم‘ کی جانب سے فوری طور پر اس عدالتی فیصلے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

عدالت نے مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر ’زوم‘ پر مجموعی طور پر 9 لاکھ 65 ہزار 779 امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ روس میں کام کرنے والی غیر ملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر نگرانی میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور حکام مزید سخت ضوابط نافذ کر رہے ہیں۔

روسی پارلیمنٹ نے گزشتہ ہفتے انٹرنیٹ سرچنگ کے مزید قوانین کی منظوری بھی دی تھی، جن کے تحت انتہاپسندی پر مبنی مواد کو تلاش کرنے پر جرمانہ ہوگا، روسی حکومت کو سخت انٹرنیٹ اور آن لائن قوانین پر تنقید کا سامنا بھی رہتا ہے اور عالمی تنظیمیں ایسے قوانین کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں قرار دیتی رہی ہیں۔

گزشتہ برس نومبر میں بھی روس کی ایک عدالت نے سرچ انجن گوگل پر 20 ڈیسیلین ڈالر جرمانہ عائد کر دیا جو کہ دنیا بھر کی مجموعی قومی پیداوار سے بھی اربوں گنا زیادہ تھا۔

روسی عدالت کے ایسے فیصلے پر گوگل سمیت دنیا بھر کے ادارے اور حکومتیں بھی حیران رہ گئی تھیں۔