مائیکروسافٹ کا روس پر غیر ملکی سفارتخانوں کے خلاف سائبر حملوں کا الزام

Published On 01 August,2025 10:11 am

ماسکو، واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے روس کی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی ایف ایس بی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ماسکو میں قائم غیر ملکی سفارتخانوں اور سفارتی اداروں کے خلاف مال ویئر کے ذریعے جاسوسی کر رہی ہے۔

قطری اور برطانوی نشریاتی اداروں کے مطابق تھریٹ انٹیلی جنس ٹیم نے ایک بلاگ پوسٹ میں انکشاف کیا کہ روسی فیڈرل سیکیورٹی سروس کی یہ مہم کم از کم 2024 سے جاری ہے اور یہ خاص طور پر ان اداروں کے لیے خطرہ بن چکی ہے جو مقامی انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان پر انحصار کرتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت ایف ایس بی متاثرہ کمپیوٹرز پر کسٹم بیک ڈورز انسٹال کرتی ہے، جن کی مدد سے مزید مال ویئر داخل کیا جا سکتا ہے یا اہم ڈیٹا چوری کیا جا سکتا ہے۔

ٹیک کمپنی کے مطابق، یہ مہم خاص طور پر ماسکو میں موجود غیر ملکی سفارتخانوں، سفارتی مشنز اور حساس اداروں کو نشانہ بنا رہی ہے، جو سفارتی اہلکار روس میں مقامی انٹرنیٹ یا ٹیلی کمیونیکیشن خدمات استعمال کرتے ہیں، وہ اس مہم کا نمایاں ہدف بن سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایف ایس بی کی ISP سطح پر جاسوسی کی تصدیق کی گئی ہے، فروری 2025 میں ہونے والے ایک مبینہ سائبر حملے کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں ماسکو میں غیر ملکی سفارتخانوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم متاثرہ ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

روس کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں ماسکو نے ایسے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ امریکا اور نیٹو ممالک یوکرین جنگ کے باعث روس پر سیزفائر کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، اور اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے عزم کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔

مائیکروسافٹ نے اس سائبر مہم کو Secret Blizzard کے نام سے ٹریک کیا ہے، جسے دیگر سائبر سیکیورٹی ادارے Turla کے طور پر جانتے ہیں۔

یہ یونٹ تقریباً 20 سال سے مختلف حکومتوں، صحافیوں اور اداروں کے خلاف ہیکنگ میں ملوث رہا ہے، جیسا کہ امریکی حکومت نے مئی 2023 میں بیان دیا تھا۔