کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے مشہور ’لائیو ویڈیو‘ فیچر تک کروڑوں اکاؤنٹس کی رسائی بند کر دی۔
ماضی میں لائیو ویڈیو کا فیچر ہر انسٹاگرام اکاؤنٹ ہولڈر استعمال کرتا رہا لیکن جلد ہی وہ اکاؤنٹس لائیو سٹریمنگ نہیں کر سکیں گے جن کے فالوورز ایک ہزار سے کم ہوں گے۔
اب مستقبل میں صرف وہ صارفین جو 1,000 یا اس سے زائد فالوورز رکھتے ہیں، وہ ہی لائیو ویڈیوز نشر کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق کچھ عرصے سے کروڑوں صارفین سوشل میڈیا پر شکایت کر رہے تھے کہ وہ انسٹاگرام پر لائیو جانے کے قابل نہیں رہے، ایسے صارفین کو ایک پیغام موصول ہو رہا تھا کہ کمپنی نے اس فیچر کے استعمال کیلئے تقاضے تبدیل کر دیئے ہیں، اب صرف وہ پبلک اکاؤنٹس جن کے فالوورز کی تعداد 1,000 یا اس سے زیادہ ہے وہ لائیو ویڈیوز بنا سکیں گے۔
ویب سائٹ کے مطابق میٹا نے اس تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد ان صارفین کیلئے بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے جو لائیو براڈ کاسٹ کا استعمال کرتے ہیں اور اس فیچر کے مجموعی معیار کو بہتر بنانا ہے۔
تاہم کمپنی نے اس سوال کا واضح جواب نہیں دیا کہ 1,000 سے کم فالوورز رکھنے والے صارفین کیلئے یہ سہولت کیوں مؤثر نہیں ہو سکتی۔
میٹا نے یہ بھی تصدیق کی کہ یہ تبدیلی صرف عوامی اکاؤنٹس تک محدود نہیں بلکہ جلد ہی پرائیویٹ اکاؤنٹس پر بھی نافذ کر دی جائے گی، اس وقت تک نوٹیفکیشن میں صرف پبلک اکاؤنٹس کا ذکر کیا جا رہا ہے کیونکہ رول آؤٹ کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔
یہ نئی پابندی انسٹاگرام کی اُس حالیہ سہولت پر بھی اثر ڈالے گی جو 2024 میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کے ذریعے صارفین اپنے چند قریبی دوستوں تک محدود لائیو سیشن کر سکتے تھے۔