اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم شہباز شریف کا ویژن ہے، جس پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
اسلام آباد میں انٹرنیشنل یوتھ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹائزیشن سے سرکاری نظام میں بہتری آ رہی ہے، سائبر سکیورٹی کے میدان میں پاکستان کو عالمی سطح پر رول ماڈل کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو سائبر سکیورٹی کی تربیت فراہم کرنے کے لیے حکومت پرعزم ہے، ہماری آبادی کا بڑاحصہ نوجوانوں پرمشتمل ہے، ہمارے نوجوان باصلاحیت اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
وفاقی وزیرآئی ٹی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی ترجیح ہے، نوجوانوں کوجدیددورکےتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں گزشتہ سال 3لاکھ افراد کو مختلف پلیٹ فارمز پرآئی ٹی کی تربیت دی گئی۔