کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب براہِ راست فلموں کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ٹِک ٹاک کا یہ فیچر معروف آن لائن ٹکٹنگ سروس ’فینڈینگو‘ کے ساتھ شراکت داری کے تحت پیش کیا گیا ہے اور اسے ٹِک ٹاک سپاٹ لائٹ کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کا آغاز ڈزنی کی متوقع فلم ’ٹی آر او این: اریز‘ کے ساتھ کیا گیا ہے، جو 10 اکتوبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔
اب صارفین کو ٹِک ٹاک پر فلموں کے متعلق مواد دیکھتے ہوئے ’گیٹ ٹکٹس‘ کا بٹن نظر آئے گا، جس پر کلک کرنے سے وہ براہِ راست فینڈینگو کی ویب سائٹ پر پہنچ جائیں گے، جہاں سے وہ اپنی پسندیدہ فلم کے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
یہ فیچر خاص طور پر #فلم ٹاک اور #مووی ٹاک کمیونٹیز کیلئے مفید ثابت ہوگا، جو فلموں کے بارے میں مواد شیئر کرتی ہیں۔
ٹِک ٹاک کے مطابق امریکا میں تقریباً 50 فیصد صارفین نے ایپ کے ذریعے نئی فلموں کے بارے میں جانا اور 36 فیصد نے اس کے بعد ٹکٹ خریدنے کا فیصلہ کیا، یہ نیا فیچر صارفین کو فلموں کی دریافت سے لے کر ٹکٹ خریدنے تک کا عمل آسان بناتا ہے اور ایپ کو تفریحی مواد کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے ٹِک ٹاک اپنے ای کامرس کے امکانات کو مزید بڑھا رہا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں اس میں مزید خریداری کے آپشنز شامل کئے جائیں گے۔