کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے چینلز مالکان کیلئے بہترین اور دلچسپ فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق میسیجنگ ایپلی کیشن کے چینلز پر سوالات شیئر کرنے اور ان کے جوابات آپشن کے طور پر شیئر کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کی گئی ہے۔
مذکورہ فیچر کے تحت چینل ایڈمنز اپنے چینلز میں کوئز بنا سکیں گے، یہ کوئز پولز کی طرح ہوں گے اور صارفین کو جواب دینے کیلئے آپشنز فراہم کئے جائیں گے، فیچر کے تحت ایڈمنز ایک سوال بنائیں گے لیکن اس کے کئی ممکنہ جوابات شامل کریں گے اور صارفین درست جواب کا انتخاب کریں گے۔
مذکورہ فیچر کے تحت چینل کے فالوورز اپنے علم یا رائے کو جانچ سکیں گے، یعنی ان کی جانب سے جواب دیئے جانے کے بعد مجموعی طور پر سکور بھی نظر آئے گا۔
اسی طرح فالوورز کوئز میں حصہ لے کر فوراً ہی دیکھ سکیں گے کہ ان کا جواب درست ہے یا نہیں؟ لیکن وہ دوسروں کے جوابات کے نتائج تب تک نہیں دیکھ سکتے جب تک وہ خود جواب نہ دیں۔
مذکورہ فیچر کے تحت چینلز کی انگیجمنٹ بڑھے گی اور صارفین بھی اپنی رائے کا اظہار کر کے چینل کی پالیسیوں اور ریسرچ میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے، مذکورہ فیچر کے تحت ہر طرح کے چینلز کے ایڈمنز کو کوئز بنانے تک رسائی دی جائے گی، تاہم فوری طور پر اس تک محدود صارفین کو رسائی دے کر اس کی آزمائش شروع کر دی گئی ہے۔
فیچر کے تحت ایڈمنز یہ دیکھ سکیں گے کہ کتنے فالوورز نے درست جواب دیا، وہ دوسرے نتائج بھی دیکھ سکیں گے اور دلچسپی کے موضوعات کو جان سکتے ہیں، یہ فیچر صرف چینلز کیلئے ہوگا لیکن مستقبل میں واٹس ایپ اسے سٹیٹس اپ ڈیٹس اور گروپ چیٹس تک بھی بڑھا سکتا ہے۔