بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی مشہور بیٹری ساز کمپنی نے 6 لاکھ میل تک چلنے اور 10 منٹ میں چارج ہونے والی جدید ٹیکنالوجی سے لیس بیٹری متعارف کرا دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق CATL نے یورپ کیلئے شین شنگ پرو نامی سپر فاسٹ چارجنگ بیٹری متعارف کرا دی ہے جس کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی پائیداری ہے۔
یہ بیٹری 2 لاکھ کلومیٹر (1 لاکھ 24 ہزار میل) کے استعمال کے بعد صرف 9 فیصد تک کمزور ہوگی، جو ایک بہترین کارکردگی ہے، مزید یہ کہ یہ بیٹری 10 لاکھ کلومیٹر (6 لاکھ 21 ہزار میل) تک اپنی 70 فیصد صلاحیت برقرار رکھ سکے گی اور 10 ہزار مرتبہ چارج/ڈسچارج سائیکلز برداشت کر سکے گی۔
شین شنگ پرو بیٹری کا پہلا ورژن 122 کلو واٹ آور پیک پر مشتمل ہے، جو 470 میل تک کی رینج فراہم کرتا ہے، اس بیٹری کو صرف 15 منٹ میں 10 فیصد سے 80 فیصد تک چارج کیا جا سکتا ہے۔
شین شنگ پرو بیٹری کا دوسرا ورژن 110 کلو واٹ آور پر مبنی ہے، جو صرف 10 منٹ میں 80 فیصد چارج ہو کر 478 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتا ہے، کمپنی نے سوشل میڈیا پر اسے الیکٹرک گاڑیوں کے خدشات کا حل قرار دیا۔
کمپی کے مطابق یہ بیٹریاں ایک ملین کلومیٹر تک 70 فیصد صلاحیت برقرار رکھ سکتی ہیں، جبکہ ابتدائی دو لاکھ کلومیٹر میں صرف 9 فیصد تک ظاہر کرتی ہیں، جو اسے موجودہ بیٹری ٹیکنالوجی سے کہیں زیادہ قابل اعتماد بناتا ہے۔
چین کی یہ بیٹری ساز کمپنی یورپ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرنے کیلئے 12.9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کر رہی ہے، اس منصوبے کے تحت جرمنی، ہنگری اور سپین میں بیٹری مٹیریل پروڈکشن، ری سائیکلنگ اور مینوفیکچرنگ کی فیکٹریوں کا قیام شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بیٹری کی مارکیٹ میں کامیابی سے یورپی آٹو انڈسٹری میں وی ڈبلیو اور پورشے جیسی کمپنیوں کیلئے سخت مشکل کا شکار ہوگی، کیونکہ چینی کمپنیوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی موجودگی پہلے ہی مارکیٹ شیئر کو متاثر کر رہی ہے۔