پی ٹی اے کا نان رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کو جلد بلاک کرنے کا اعلان

Published On 12 September,2025 02:03 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام نان رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کو جلد مقامی نیٹ ورکس سے بلاک کرنے کا اعلان کر دیا۔

پی ٹی اے کے مطابق نان رجسٹرڈ موبائل فونز کو ڈیوائس شناخت رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے رجسٹر کرانا لازمی ہے، اس کے بغیر فون استعمال کرنا اور خریدنا یا بیچنا جرم تصور ہوگا۔

اتھارٹی کے مطابق ایسے فونز اکثر سمگلنگ، مالی دھوکہ دہی اور سائبر جرائم میں استعمال ہوتے ہیں جن سے نہ صرف صارفین بلکہ ریاستی سلامتی کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لئے یہ اقدام پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کیلئے ایک سنگ میل ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں ایسے اقدامات سے موبائل سمگلنگ اور فراڈ میں نمایاں کمی آئی ہے، پاکستان میں بھی اس اقدام سے نہ صرف سائبر سکیورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ معاشی اور سماجی سطح پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

پی ٹی اے حکام نے صارفین کو ڈیوائس شناخت رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم کے ذریعے اپنے فونز کا سٹیٹس چیک کرنے اور بروقت رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، نان رجسٹرڈ فونز استعمال کرنے پر صارفین کو نہ صرف سروس کی معطلی بلکہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔