کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) گوگل نے جی میل صارفین کے لیے بظاہر چھوٹی مگر حقیقت میں بہت اہم تبدیلی کی ہے۔
گوگل نے اینڈرائیڈ فونز میں جی میل نوٹیفکیشن کے لیے ایک بہترین آپشن کا اضافہ کیا ہے، ایسے متعدد صارفین ہیں جن کے ان باکس میں ہزاروں ایسی میلز موجود ہوتی ہیں جو ان ریڈ (unread) ہوتی ہیں۔
مگر اب گوگل کی جانب سے متعارف کرائے جانے والا ایک نیا فیچر ایسے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا، کمپنی نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے جی میل نوٹیفکیشنز میں مارک ایز ریڈ بٹن کا اضافہ کر دیا ہے، اس فیچر کی آزمائش کئی ماہ سے کی جا رہی تھی اور اب جا کر اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک جی میل صارف کو اوسطاً روزانہ 10 سے 11 ای میلز موصول ہوتی ہیں، جو کہ بظاہر بہت زیادہ تعداد نہیں، مگر جب انہیں نظر انداز کیا جائے تو بتدریج ان ریڈ ای میلز کی تعداد بڑھتی چلی جاتی ہے۔
تو مارک ایز ریڈ بٹن ایسی ہی ای میلز کے لیے ہوگا، اس سے اینڈرائیڈ فونز پر جی میل استعمال کرنے والے افراد کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور ان کے لیے یہ تعین کرنا آسان ہوگا کہ کونسی ای میل کو اوپن کرکے مکمل پڑھنے کی ضرورت ہے اور کونسی پڑھے بغیر مارک ایز ریڈ کر دینی چاہیے۔
نوٹیفکیشن میں ایسا کرنے سے ان کا کافی وقت بچے گا جو جی میل ایپ یا براؤزر پر اوپن کرکے ان ای میلز کو اوپن کرنے میں لگتا، آئی فون کے لیے جی میل ایپ میں یہ فیچر پہلے سے دستیاب ہے جبکہ یہ بٹن دیگر ایپس جیسے واٹس ایپ کے مارک ایز ریڈ جیسا ہی ہے۔