سوشل میڈیا سمیت دیگر ویب سائٹس بند ہونےکی وجہ سامنے آ گئی

Published On 21 November,2025 02:23 pm

سلیکان ویلی:(ویب ڈیسک) مشہور سائبر سکیورٹی اور ویب انفراسٹرکچر فراہم کرنے والی کمپنی کلاوڈ فیئر نے منگل کے روز سروس کی فراہمی میں تعطل کی وجہ ڈھونڈ لی جس کے باعث دنیا بھر میں متعدد ویب سائٹس گھنٹوں تک بند رہی تھیں۔

بانی و سی ای او میتھیو پرنس کےمطابق سہولت کی فراہمی میں تعطل کا مسئلہ دراصل ان کے بوٹ مینجمنٹ سسٹم میں پیدا ہوا، جس کا کام خودکار ویب کرالرز کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنا ہے۔

کلاوڈ فیئرکا کہنا ہے کہ دنیا کی تقریباً 20 فیصد انٹرنیٹ ٹریفک اس کے نیٹ ورک سے گزرتی ہے، ویب سائٹس کو ٹریفک کے دباؤ اور ڈی ڈی او ایس حملوں سے بچانے والا یہی سسٹم اس بار ناکام ہوگیاہے جس کے نتیجے میں ایکس، چیٹ جی پی ٹی، ڈاؤن ڈیٹیکٹر، سمیت کئی بڑے پلیٹ فارمز متاثر ہوئے ہیں ۔

میتھیو پرنس کے مطابق اس خرابی کی وجہ نہ تو کوئی ڈی این ایس مسئلہ تھا، نہ کوئی نیا مصنوعی ذہانت ٹول اور نہ ہی کوئی سائبر حملہ بلکہ یہ ایک اندرونی ڈیٹابیس تبدیلی کا نتیجہ نکلا ہے۔

کلاوڈ فیئرکے بوٹ مینجمنٹ سسٹم میں موجود مشین لرننگ ماڈل ہر آنے والی درخواست کو بوٹ سکور دیتا ہے تاکہ حقیقی اور خودکار ٹریفک میں فرق کیا جا سکے، یہ ماڈل ایک کنفیگریشن فائل پر انحصار کرتا ہے جسے مسلسل اپڈیٹ کیا جاتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کلک ہاؤس  ڈیٹابیس میں تبدیلی کے بعد فائل میں مسلسل ڈوپلیکیٹ روز جمع ہونے لگے، جس سے فائل کا سائز مقررہ حد سے تجاوز کر گیا۔

جیسے ہی فائل میموری کی حد سے باہر ہوئی، ویب ٹریفک کو کنٹرول کرنے والا کور پراکسی سسٹم فیل ہونا شروع ہو گیا، نتیجتاً کلاؤڈ فیئر استعمال کرنے والی بہت سی کمپنیوں کی حقیقی ٹریفک بھی بلاک ہو گئی البتہ وہ صارفین جن کے سسٹمز بوٹ سکور پر انحصار نہیں کرتے تھےاس خرابی سے محفوظ رہے۔