امریکا اور سعودیہ کے درمیان اسٹریٹجک آرٹیفشل انٹیلی جنس پارٹنر شپ پر دستخط

Published On 20 November,2025 05:50 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک آرٹیفشل انٹیلی جنس پارٹنر شپ پر دستخط کر دیئے۔

عرب میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی تاریخی وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد معاہدہ طے پایا، امریکا نے سعودی عرب کو سب سے بڑا غیر نیٹو اتحادی کا درجہ بھی دے دیا، معاہدے میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی میں ترقی، اقتصادی سلامتی اور سرمایہ کاری کو فروغ شامل ہے۔

جدید سیمی کنڈکٹر کی فراہمی، اے آئی ایپس کی ترقی، اے آئی انفراسٹرکچر کی تعمیر معاہدے میں شامل ہے، مقامی صلاحیتیں بڑھانے اور سعودی عرب میں اے آئی ٹیکنالوجی کلسٹرز قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

عرب میڈیا نے مزید بتایا کہ پارٹنر شپ امریکی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط کرے گی، معاہدہ صحت، تعلیم، توانائی، کان کئی اور ٹرانسپورٹیشن جیسے اہم شعبوں میں جدید حل فراہم کریگا۔

عرب میڈیا کے مطابق معاہدے سے تکنیکی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کیلئے طویل المدتی مشترکہ اقتصادی شراکت داری کی بنیاد رکھی گئی۔