کام کی جگہوں پر اے آئی کی نگرانی کیلئے ٹریکر متعارف

Published On 19 November,2025 10:27 am

سین فرانسسکو: (ویب ڈیسک) سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ کا ماننا ہے کہ کام کی جگہ پر صرف انسانوں کو ہی انتظام کی ضرورت نہیں ہوتی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو بھی ایک منیجر چاہیے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سافٹ ویئر کمپنی نے مائیکرو سافٹ ایجنٹ 365 کا اعلان کیا، جو اس کے صارفین کو اُن 1.3 ارب ایجنٹس کی نگرانی کے قابل بنائے گا جن کے بارے میں مائیکروسافٹ کا اندازہ ہے کہ وہ 2028 تک دفتری کام خودکار کر رہے ہوں گے۔

ایجنٹس مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ایسے پروگرام ہوتے ہیں جو انسانوں کی جانب سے مختلف کام انجام دیتے ہیں، مائیکروسافٹ اور دیگر کمپنیاں اس قسم کے ایجنٹ سافٹ ویئر کو تیزی سے مارکیٹ کر رہی ہیں۔

کچھ صارفین نے کوڈ جنریشن جیسے کاموں کیلئے اِن سسٹمز کو کامیابی سے استعمال کیا ہے، جبکہ دیگر اسے نافذ کرنے میں مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، جس سے اس شعبے میں ممکنہ خلا کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق جس طرح آئی ٹی عملہ دیکھ سکتا ہے کہ کون کمپنی کے نیٹ ورک پر موجود ہے اور وہ کن وسائل تک رسائی رکھتا ہے، اسی طرح اس کا نیا سافٹ ویئر اے آئی ایجنٹس کی نگرانی کیلئے بھی ایسے ہی کنٹرول فراہم کرے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام آئی ٹی اہلکاروں کو ’باغی‘ ایجنٹس کو الگ (قرنطینہ) کرنے اور مجاز ایجنٹس کو مختلف پیداواریت کے ٹولز فراہم کرنے کی سہولت دیتا ہے۔