شزہ فاطمہ کی سعودی حکام سے ملاقات،اے آئی انوویشن ہب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی

Published On 17 November,2025 09:12 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ سے ڈبلیو ٹی ڈی سی کے سائڈ لائنز پر سعودی عرب کے کمیشن برائے کمیونی کیشنز، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی گورنر عبداللہ عبدالرحمان المبدّل نے ملاقات کی۔

ملاقات میں شزا فاطمہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات اور آئی سی ٹی شراکت داری کے مستحکم ہوتے ہوئے سفر کو سراہا۔دونوں فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل وژن، سعودی وژن 2030 کے آئی اے، IOT، کلاؤڈ اور سمارٹ سٹی اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہے

شزا فاطمہ نے پاکستان کی نوجوان اور ٹیک سیوی ورک فورس کو خطے کا سب سے بڑا ٹیلنٹ پول قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا مسابقتی ٹیکس رجیم سعودی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم موقع ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی آئی سی ٹی ایکسپورٹس کو دوطرفہ کامیابی کی واضح علامت قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کو ڈیجیٹل ایف ڈی آئی انیشی ایٹو کے تحت پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، خصوصاً ڈیٹا سینٹرز اور نیشنل اے آئی انوویشن ہب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

انہوں نے پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ میں سعودی نیشنل ٹرانسفارمیشن پروگرام کی شمولیت کی تجویز بھی پیش کی۔