اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عالمی سطح پر انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کے حوالے سے اپنا ردعمل جاری کر دیا ہے۔
انٹرنیٹ کی سکیورٹی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈ فلیئر کی سروسز میں تکنیکی خرابی کے سبب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔
کلاؤڈ فلیئر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خرابی کی نوعیت جاننے اور اسے حل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
گلوبل انٹرنیٹ سروسز میں خلل کے معاملے پر پی ٹی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ایکس اور کلاؤڈ فلیئر کو متاثر کرنے والی عالمی بندش پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز اور مقامی آپریٹرز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور سروسز کی مکمل بحالی تک صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ کلاؤڈ فلیئر کے سسٹم میں خرابی کی وجہ سے کمپیوٹر پر ایکس، چیٹ جی پی ٹی اور متعدد ویب سائٹس کھل نہیں رہیں۔
کلاؤڈ فلیئر ایک انٹرنیٹ انفرا سٹرکچر کمپنی ہے جو کانٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک کے طور پر کام کرتی ہے، یعنی ویب سائٹس کے مواد کو تیزی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں مدد دیتی ہے، اس وقت کمپنی کے سسٹم میں نامعلوم تکنیکی مسئلہ سامنے آیا ہے۔



