ایکس (ٹوئٹر) نے آخر کار صارفین سے کیا اپنا وعدہ پورا کردیا

Published On 16 November,2025 07:41 pm

کیلی فورنیا:(ویب ڈیسک) ایکس (ٹوئٹر) نے آخر کار اپنا چیٹ پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے جس کا وعدہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔

یہ نیا چیٹ پلیٹ فارم ایکس میں ڈائریکٹ میسجز کی جگہ لے گا جیسے چیٹ کا نام دیا گیا ہے اور اس میں میسجنگ کے حوالے سے زیادہ فیچرز موجود ہیں۔

اس میں وائس اور ویڈیو کالنگ، فائل شیئرنگ، بھیجے گئے میسجز کو ایڈٹ اور ڈیلیٹ کرنے سمیت اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن اور سکرین شاٹ لینے پر نوٹیفکیشن جیسے فیچرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

چیٹ کو ابھی آئی او ایس ڈیوائسز اور ایکس کے ویب ورژن کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو اس کے لیے کچھ عرصے انتظار کرنا ہوگا۔

کمپنی کے مطابق ایک فیچر وائس میمو پر کام کیا جا رہا ہے جس سے صارفین آڈیو میسجز بھیج سکیں گے، ایکس کی جانب سے اس نئے چیٹ پلیٹ فارم کی آزمائش کافی عرصے سے کی جا رہی تھی۔

اس کا ابتدائی انکرپٹڈ ورژن 2025 کے شروع میں جاری کیا گیا تھا مگر مئی میں اسے روک دیا گیا تھا، کمپنی کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اب گروپ میسجز اور میڈیا فائلز کو بھی انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔