پاکستان کی عالمی خلائی کانفرنس کی میزبانی، سائنسی ترقی میں تاریخی سنگ میل

Published On 18 November,2025 09:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے سائنس و ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹرنیشنل کانفرنس آن اپلیکیشنز آف سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ICAST) 2025 کی میزبانی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

یہ تین روزہ عالمی ایونٹ سپارکو اور اسلام آباد سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے 18 تا 20 نومبر اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، کانفرنس کا بنیادی مقصد عالمی چیلنجز کے حل میں خلائی سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے کردار کو اجاگر کرنا اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ایونٹ میں 25 ممالک سے 70 سے زائد مندوبین اور 2 ہزار سے زیادہ شرکاء شرکت کر رہے ہیں جبکہ متعدد سائنسی معاہدوں اور مشترکہ پراجیکٹس کا اعلان بھی متوقع ہے۔

بین الاقوامی ماہرین کی شرکت سے پاکستان کے خلائی شعبہ میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کھلنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے، کانفرنس میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا سائنس اور خلائی تحقیق پر جامع بحث کی جائے گی۔

ایونٹ کے دوران مشترکہ تحقیق، صلاحیت سازی، بین الاقوامی تعاون اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کیلئے ایک جامع حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی جو پاکستان کے خلائی پروگرام کو نئی رفتار دے گی۔

عالمی شراکت داروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ کانفرنس پاکستان کو خطے میں سائنسی ترقی کا مرکز بنانے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی جبکہ رکن ممالک کے تعاون سے خلائی شعبے میں پاکستان کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہو گا۔