فائیو جی سپیکٹرم نیلامی سے قبل ٹیلی نار کی ملکیت پی ٹی سی ایل کو منتقل کرنے کا کام تیز

Published On 22 November,2025 04:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فائیو جی سپیکٹرم نیلامی سے قبل ٹیلی نار کی ملکیت پی ٹی سی ایل کو منتقل کرنے کا کام تیز ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق مسابقتی کمیشن نے اکتوبر میں پی ٹی سی ایل، ٹیلی نار کیس پی ٹی اے کو بھیجا تھا، انضمام سے متعلق دیگر کمپنیوں کی سماعت مکمل کر لی گئی۔

پی ٹی اے ذرائع کے مطابق جاز، زونگ اور وطین نے مستقبل کے مقابلے کے بارے اپنا موقف پیش کر دیا، جائزہ مکمل ہوتے ہی پی ٹی اے این او سی جاری کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے 30 نومبر تک این او سی جاری کیے جانے کا امکان ہے، این او سی کے بعد پی ٹی سی ایل سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی سے رجوع کرے گا۔

یوفون کی طرح ٹیلی نار بھی پی ٹی سی ایل کے ماتحت کمپنی بن جائے گی، ٹیلی نار کے پی ٹی سی ایل کے ماتحت آنے سے یوفون فائیو جی نیلامی میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لے سکے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کے حتمی انضمام میں ایک سے ڈیڑھ سال لگیں گے، حتمی انضمام کے لیے پی ٹی سی ایل کو عدالت اور پی ٹی اے سے دوبارہ رجوع کرنا ہوگا۔

پی ٹی اے ذرائع کے مطابق میلگمیشن آرڈر کے اجرا کے بعد عدالتی منظوری سے پی ٹی سی ایل ٹیلی نار کا حتمی انضمام مکمل ہوگا۔