ایکس نے صارفین کے پروفائلز پر ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا

Published On 22 November,2025 07:12 pm

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس نے صارفین کے پروفائلز پر ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا جس کے بعد اب اکاؤنٹس پر مزید تفصیل نظر آنے لگے گی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایکس نے ’اس اکاؤنٹ کے بارے میں‘ سیکشن میں اکاؤنٹ کی بنیادی معلومات کو ظاہر کرنے کی سہولت متعارف کرادی۔

فیچر کے تحت اکاؤنٹ کی بنیاد کا ملک یا خطہ، صارف کا نام کتنی بار تبدیل ہوا، اکاؤنٹ کی تخلیق کی تاریخ اور ایکس ایپ کیسے، کب ڈاؤن لوڈ کی گئی تھی جیسی معلومات شامل ہوگی۔

نئے فیچر کے تحت جیسے ہی کوئی صارف پروفائل پر ’جوائنڈ‘ کے لنک پر کلک کرے گا تو ایک الگ صفحہ کھلے گا، جہاں تمام تفصیلات درج ہوگی۔

دوسری جانب فیچر میں صارفین کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ملک کے بجائے صرف خطہ دکھائیں جو کہ ڈیفالٹ طور پر ملک ہوتا ہے، اس فیچر کا بنیادی ہدف جعلی یا مشکوک اکاؤنٹس جیسے بوٹس یا غلط معلومات پھیلانے والوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

علاوہ ازیں ایکس کے پروڈکٹ ہیڈ کے مطابق مذکورہ معلومات کو سامنے لانے سے صارفین یہ طے کر سکتے ہیں کہ وہ حقیقی اکاؤنٹ سے رابطہ کر رہے ہیں یا جعلی اکاؤنٹ سے رابطے میں ہیں۔