لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حکومتی پابندی کیخلاف درخواستیں نمٹا دیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے درخواستیں نمٹاتے ہوئے وفاقی حکومت کو قانون سازی کی ہدایت کر دی، مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔
درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیئے، وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پرحکومتی پابندی آئین سے متصادم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق پر قدغن نہیں لگا سکتی، لہٰذا عدالت سوشل میڈیا پر عائد پابندی کو کالعدم قرار دے۔
دوران سماعت چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے قرار دیاکہ انٹرنیٹ کی سست روی کامعاملہ دیکھنا پڑے گا، یہ قومی معاملہ ہے اس کو حل ہونا چاہئے۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ اس معاملے کو قانونی پشت پناہی حاصل ہونی چاہئے، انٹرنیٹ میں بہتری لانے سے حکومت کو ہی فائدہ ہوگا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ دنیا میں نئی نئی ایپس آرہی ہیں جس سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں، عدالت نے درخواستوں کو وفاقی حکومت کو بھجواتے ہوئے قانونی سازی کی ہدایت کر دی۔



