اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لئے مشترکہ شیئرنگ فیچر متعارف

Published On 24 November,2025 10:40 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) گوگل نے اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لئے مشترکہ شیئرنگ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

 

گوگل کے مطابق یہ سہولت ابتداء میں پکسل 10 سیریز میں پیش کی جا رہی ہے، جس سے دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان فوری اور مؤثر رابطے کی راہ ہموار ہو گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کُوئک شیئر نامی فیچر کو ایئر ڈراپ کے نظام کے ساتھ ہم آہنگ بنا کر اینڈرائیڈ اور آئی فون کے درمیان فائل ٹرانسفر کے عمل کو پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان اور تیز کر دیا ہے، یہ فیچر جدید اور سخت سکیورٹی معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جسے آزاد سکیورٹی ماہرین نے بھی محفوظ قرار دیا ہے۔

ادارے کے مطابق یہ پیش رفت اینڈرائیڈ، آئی فون اور ونڈوز کے درمیان بہتر ربط اور ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم ہے، خصوصاً آر سی ایس میسیجنگ اور نامعلوم ٹریکر الرٹس جیسے فیچرز کے بعد۔

گوگل کے مطابق آنے والے مہینوں میں اس سروس کو مزید بہتر بنا کر زیادہ سے زیادہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز تک وسعت دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق صارفین اس فیچر کی عملی جھلک پکسل 10 پرو پر ویڈیو کے ذریعے دیکھ سکتے اور خود بھی اس نئے ٹرانسفر سسٹم کو آزما سکتے ہیں۔