ٹیکنالوجی کی دوڑ: 2030 میں کونسی چیزیں ماضی کا حصہ بن جائیں گی؟

Published On 25 November,2025 02:14 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا میں بے حد تیزی سے انقلابی تبدیلیاں آ رہی ہیں، چند برس قبل جو ٹیکنالوجی عام زندگی کا لازمی حصہ تھی آج وہ بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے، جبکہ آنے والے چند سالوں میں کئی موجودہ ٹیکنالوجیز مکمل طور پر متبادل نظام سے بدل جائیں گی۔

ماہرین کے مطابق 2030 تک متعدد اہم ٹیکنالوجیز اپنا وجود کھو دیں گی، بائیومیٹرک لاگ اِنز پاس ورڈز کی جگہ لے لیں گے جبکہ ڈیجیٹل والٹس اور سمارٹ لاکس بالترتیب پلاسٹک کارڈز اور روایتی چابیوں کو غیر ضروری بنا دیں گے۔

اسی طرح کیش، تاروں (کیبلز) اور کاغذی رسیدیں بھی تیزی سے متروک ہوتی نظر آ رہی ہیں اور ان کی جگہ وائرلیس سسٹمز، کانٹیکٹ لیس پیمنٹ اور کلاؤڈ سروسز لے رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق ٹیلی ویژن چینلز کی اہمیت سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے بڑھتے رجحان کے باعث کم ہو جائے گی، جبکہ پٹرولیم مصنوعات سے چلنے والی گاڑیاں صاف توانائی کی جانب عالمی پیش قدمی کے باعث بتدریج منظر سے غائب ہو رہی ہیں۔

کلاؤڈ ٹیکنالوجی کے زیادہ محفوظ اور تیز ترین ہونے کی وجہ سے ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیوز کا استعمال بھی نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق آنے والی دہائی مکینیکل دور کے خاتمے اور مکمل ڈیجیٹل عہد کے آغاز کا اشارہ دے رہی ہے، یہ ایک ایسی دنیا ہوگی جہاں رفتار، خودکار نظام اور اسمارٹ ٹیکنالوجی مرکزی کردار ادا کریں گے۔