برطانیہ میں ایک کیلے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے

Last Updated On 22 April,2018 07:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانوی شہر ناٹنگھم کی رہائشی خاتون بابی گورڈن اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں آن لائن کیلا آرڈر کرنے پر ڈیلیوری کے ساتھ معروف سپر اسٹور کی جانب سے 930 پاؤنڈ یعنی پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے کا بل موصول ہوا جب کے ایک کیلے کی قیمت محض 11 پینی ہے۔

میڈٰیا کے مطابق اتنی زیادہ رقم کے استعمال پر دھوکہ دہی کا شک ہونے پر متعلقہ کمپنی نے بل کی ادائیگی روک دی اور خاتون سے رابطہ کیا تو خاتون نے حقیقت سے آگاہ کیا جس کے بعد کریڈٹ کارڈ کمپنی نے سپر اسٹور کی انتظامیہ سے رابطہ کیا۔ سپر اسٹور کی انتظامیہ نے برطانوی خاتون اور کریڈٹ کارڈ کمپنی سے ’کمپیوٹر کی غلطی‘ پر معافی مانگی اور درست بل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

سپر مارکیٹ کے ترجمان نے اس دلچسپ واقعے کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے اسٹور میں دستیاب کیلے نہایت لذیذ اور تازہ ہوتے ہیں تاہم وہ اتنے بھی قیمتی نہیں کہ 930 پاؤنڈ کی قیمت چارج کی جائے، یہ ہمارے نظام کی تکنیکی غلطی ہے جس کا سدباب کردیا گیا ہے تاکہ آئندہ کسی صارف کو دقت اور ہمیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔