اگر تو آپ نے بچپن میں کبھی سمندر کے پانیوں کے اندر رہنے یا سونے کا خواب دیکھا ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب اسے تعبیر دینا ممکن ہوگیا ہے ۔
لاہور(نیٹ نیوز) مالدیپ جہاں پہلے ہی کئی زیر سمندر ریسٹورنٹس اور گیسٹ رومز موجود ہیں، وہاں دنیا میں پہلی مرتبہ ایک مکمل ڈوبی ہوئی رہائش گاہ یا ولا کھلنے والا ہے۔ مالدیپ کے رنگالی کونارڈ آئی لینڈ میں یہ زیرآب رہائشگاہ سمندر کی تہہ میں 16.4 فٹ گہرائی میں واقع ہے اور اسے رواں سال نومبر میں لوگوں کیلئے کھولا جارہا ہے ۔
اس مقام کو وہیل شارک کو دیکھنے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے ۔ اس ولا کے 2 لیولز (ایک سمندر سے باہر اور دوسرا تہہ میں) میں ایک وقت میں 9 مہمان قیام کرسکیں گے تاہم یہاں قیام کرنا جیب کے لیے کافی بھاری ثابت ہوگا کیونکہ ایک رات رکنے کی صورت میں 50 ہزار ڈالر (50 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کی ادائیگی کرنا پڑے گی۔
اس میں ایک پائوڈر روم، جم، کچن، لیونگ روم، کھانے کا حصہ، 2 سونے کے کمرے ، 2 باتھ روم، ملازم کا کوارٹر اور سکیورٹی کوارٹر موجود ہوں گے ۔